ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کرناٹک میں بی جے پی کی شرمناک ہار اور کانگریس کی جیت کے بعد بی جے پی صدر نے کہا؛ ریاست میں 'طالبانائزیشن' شروع

کرناٹک میں بی جے پی کی شرمناک ہار اور کانگریس کی جیت کے بعد بی جے پی صدر نے کہا؛ ریاست میں 'طالبانائزیشن' شروع

Wed, 17 May 2023 20:28:07    S.O. News Service

بینگلورو 17 / مئی (ایس او نیوز) کرناٹک میں بی جے پی کی شرمناک ہار پر  بی جے پی کے ریاستی صدر اور رکن پارلیمان نلین کمار کٹیل نے کانگریس پر تلملاتے ہوئے   کہا  کہ کانگریس کی جیت کے ساتھ ہی ریاست میں 'طالبانائزیشن' ('طالبانی طرز عمل') شروع ہوگیا ہے اور ملک دشمن سرگرمیاں بڑھنے لگی ہیں ۔

بتایاجارہا ہے  کہ بینگلورو کے مضافات ہوسکوٹہ میں جیت کا جشن منانے والوں کی طرف سے اپنے گھر کے سامنے پٹاخہ بازی پر سوال اٹھانے والے بی جے پی کے کارکن کو مبینہ طور پر موت کے گھاٹ اتارے جانے اور اس کی بیوی اور بیٹے کو سنگین طور پر زخمی کرنے کا معاملہ سامنے آیا تھا ۔ اس معاملہ میں پولیس نے ایک شخص کو گرفتار بھی کیا ہے اور مزید ملزمین کی تلاش جاری ہے ۔

اس واقعے کے بعد       نلین کمار کٹیل نے متاثرہ بی جے پی کارکن کے گھر پہنچ کر اہل خانہ سے  ملاقات کی اور اس پس منظر میں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ  : "طالبانائزیشن شروع ہوگیا ہے ۔ ملک دشمن سرگرمیوں میں ملوث ہونے والے سر اٹھانے اور امن و آشتی کو بگاڑ رہے ہیں ۔ یہ سب اس لئے ہو رہا ہے کہ کانگریس نے اس قسم کے لوگوں کو پروان چڑھایا ہے ۔ لہٰذا ہم کانگریس سے کسی اچھائی کی توقع نہیں کر سکتے ۔" نلین کمار کٹیل نے الزام لگایا کہ کرناٹکا کو  "منی بہار" بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے ۔ 

    نلین نے کہا :" ریاست میں نفرت کی سیاست چل رہی ہے ۔ اس سے ملک کے اندر یہ پیغام جا رہا ہے کہ اگر یہ حکومت رہتی ہے تو ریاست میں کیا کچھ ہونے والا ہے ۔ یہ اس بات کی علامت ہے کہ یہاں 'جنگل راج' قائم ہوگا ۔

ہم اس کی مذمت کریں گے اور اس کا مقابلہ کریں گے ۔ ہمارے کارکنان کو خوفزدہ ہونے کی ضرورت نہیں ہے ۔ ہم اس کا سامنا کریں گے ، اس کے خلاف لڑیں گے اور اس کا منھ توڑ جواب دیں گے ۔ ہم خاموش نہیں بیٹھیں گے ۔"


Share: